پونچھ مشاورتی کانفرنس کے نتائج پر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ایڈوائیزری کونسل کا باضابطہ مؤقف
11/24/20261 min read
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ایڈوائیزری کونسل نے جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ پونچھ مشاورتی کانفرنس کے اعلامیے، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی کے قیام، اور پانچ روز کے اندر مذاکراتی عمل کے لیے مربوط فریم ورک تشکیل دینے کی تجویز کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔
ایڈوائیزری کونسل انسانی جانوں کے تحفظ، مزید خونریزی کی روک تھام، پونچھ اور سدھنوتی کے داخلی راستے کھولنے، تعلیمی اداروں اور مواصلاتی رابطوں کی بحالی، سابقہ معاہدوں پر عمل درآمد اور بحران کے پُرامن سیاسی حل کے لیے مذاکراتی کوششوں کا اصولی خیرمقدم کرتی ہے۔
JKJAAC ایک سنجیدہ، باوقار اور قابلِ تصدیق مذاکراتی عمل میں شرکت کے لیے تیار ہے۔ تاہم کانفرنس کے اعلامیے اور اس سے منسلک بعض بیانات میں ایسے عمومی الزامات، اصطلاحات اور مفروضے شامل ہیں جو زمینی حقائق، آئینی ضمانتوں، قانون کی حکمرانی، منصفانہ عمل اور پاکستان کی بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان نکات کی وضاحت اور تصحیح ایک قابلِ اعتماد مذاکراتی عمل کے لیے ناگزیر ہے۔
1۔ پُرامن احتجاج اور سکیورٹی آپریشن کو مساوی قرار نہیں دیا جا سکتا
راولاکوٹ میں جاری پُرامن دھرنا شہریوں کے اجتماع، اظہارِ رائے، تنظیم سازی اور عوامی معاملات میں شرکت کے بنیادی حقوق کا اظہار ہے۔ اس کے برعکس، کسی شہری اجتماع کے خلاف سکیورٹی آپریشن ریاستی طاقت کا استعمال ہے، جو قانون، ضرورت، تناسب، احتیاط، جواب دہی اور انسانی جان کے تحفظ کے سخت اصولوں کا پابند ہے۔
اس لیے سکیورٹی آپریشن کے خاتمے کو پُرامن احتجاج کے خاتمے سے مشروط کرنا قانونی اور اخلاقی اعتبار سے درست نہیں۔ ریاست پر لازم ہے کہ وہ کسی بھی مسلح یا جبری کارروائی کو غیر مشروط طور پر منسوخ کرے، کیونکہ حقِ زندگی کا تحفظ کسی سیاسی رعایت، دھرنے کے خاتمے یا مذاکراتی نتیجے سے مشروط نہیں کیا جا سکتا۔
دھرنے کی آئندہ صورت، مدت یا اختتام کا فیصلہ صرف ایک بااختیار مذاکراتی عمل، تحریری ضمانتوں، قابلِ قبول معاہدے اور قابلِ تصدیق عمل درآمدی طریقۂ کار کے نتیجے میں ہو سکتا ہے۔
2۔ تحریک کو مجموعی طور پر “ریاست مخالف” یا “پرتشدد” قرار دینا ناقابلِ قبول ہے
ایڈوائیزری کونسل عوامی حقوق کی پوری تحریک کو مجموعی طور پر “ریاست مخالف” یا “پرتشدد” قرار دینے کو مسترد کرتی ہے۔ JKJAAC ایک وسیع عوامی و شہری حقوق کی تحریک ہے جس میں طلبہ، اساتذہ، تاجر، محنت کش، وکلا، سرکاری ملازمین، پنشنرز، سابق فوجی، خواتین، نوجوان اور متاثرہ خاندان شامل ہیں۔
کسی فرد کے مبینہ فعل کو پوری تحریک، تمام شرکا یا مکمل آبادی سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کسی مخصوص شخص پر اسلحہ رکھنے، تشدد یا قابلِ شناخت جرم کا الزام ہے تو اس کی واضح شناخت، قابلِ جانچ شواہد، مجاز عدالت کے سامنے پیشی، قانونی دفاع اور منصفانہ سماعت لازم ہیں۔ انفرادی ذمہ داری کا تعین آزاد عدالت کرے۔
“مسلح عناصر”، “اسلحہ بردار نوجوان” یا “ریاست مخالف افراد” جیسی مبہم اصطلاحات پوری تحریک کے خلاف اجتماعی الزام یا اجتماعی سزا کی بنیاد نہیں بن سکتیں۔ JKJAAC غیر قانونی تشدد کی مخالفت کرتی ہے، لیکن غیر ثابت شدہ الزامات، ماورائے عدالت اقدامات اور پوری تحریک کو مجرم قرار دینے کو بھی مسترد کرتی ہے۔
3۔ حقِ زندگی غیر مشروط اور ناقابلِ تنسیخ ہے
جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری نے پانچ جون 2026 سے جاری بحران کے سلسلے میں 104 شہری اموات کی تصدیق کی ہے۔ ہر موت ایک انسانی زندگی، متاثرہ خاندان اور ممکنہ قانونی ذمہ داری کی نمائندگی کرتی ہے۔
بین الاقوامی عہدنامہ برائے شہری و سیاسی حقوق کے آرٹیکل 6 کے تحت حقِ زندگی ناقابلِ تنسیخ ہے۔ سیاسی کشیدگی، احتجاج، ہنگامی صورتِ حال یا امن و امان کا جواز ریاست کو من مانی طور پر انسانی جان لینے کا اختیار نہیں دیتا۔
اقوام متحدہ کے چھ خصوصی طریقہ کار مینڈیٹس نے مشترکہ مراسلہ AL PAK 4/2026 میں ضرورت سے زیادہ طاقت، مبینہ غیر قانونی ہلاکتوں، من مانی گرفتاریوں، مواصلاتی پابندیوں، فورتھ شیڈول اقدامات اور JKJAAC کی ممانعت پر شدید تشویش ظاہر کی۔ متعلقہ حکام ممکنہ خلاف ورزیوں اور ان کے اعادے کے خطرے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کیے جا چکے ہیں۔
اس تناظر میں کسی نئے سکیورٹی آپریشن، براہِ راست گولہ بارود یا غیر متناسب طاقت سے ہونے والا نقصان نہ غیر متوقع سمجھا جا سکتا ہے اور نہ محض امن و امان کی کارروائی قرار دے کر نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔
4۔ تمام اموات کی بلاامتیاز تحقیقات اور متاثرہ خاندانوں کی داد رسی
ایڈوائیزری کونسل اس تجویز کو مسترد کرتی ہے کہ صرف ان مقتولین کے خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے جو مبینہ طور پر سکیورٹی فورسز پر براہِ راست حملے میں ملوث نہیں تھے۔ کسی مقتول کو آزاد، غیر جانب دار اور عدالتی عمل کے بغیر مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ہر متاثرہ خاندان کو بلاامتیاز فوری انسانی معاونت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ یہ معاونت کسی قانونی حق، آزادانہ تحقیقات یا مستقبل کے ازالے سے دست برداری سے مشروط نہیں ہونی چاہیے۔ معاوضہ انصاف کا متبادل نہیں بلکہ داد رسی، بحالی اور مفاہمت کے وسیع عمل کا ایک حصہ ہے۔
5۔ JKJAAC کو “فیس سیونگ” نہیں، مساوی اور باوقار مذاکراتی حیثیت درکار ہے
JKJAAC کو سیاسی عمل میں واپسی کے لیے “فیس سیونگ” دینے کی اصطلاح تحریک کی قانونی، سیاسی اور عوامی حیثیت کی درست عکاسی نہیں کرتی۔ JKJAAC کسی شکست خوردہ فریق کی حیثیت سے واپسی کا راستہ نہیں مانگ رہی۔
حکومتِ پاکستان اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر ماضی میں JKJAAC کے ساتھ باضابطہ مذاکرات، تحریری معاہدے اور سرکاری رابطے کر چکی ہیں۔ JKJAAC برابر، محفوظ اور معتبر مذاکراتی حیثیت چاہتی ہے، جس میں بااختیار حکومتی نمائندگان، آزاد ماحول، تحریری ضمانتیں، مقررہ مدت کا عمل درآمدی منصوبہ، قابلِ قبول ثالث اور مشترکہ نگرانی شامل ہوں۔
سیاسی مذاکرات کوئی رعایت نہیں بلکہ ریاستی اور جمہوری ذمہ داری ہیں۔
6۔ JKJAAC کو کلعدم قرار دئیے جانے کا فوری اور شفاف جائزہ لیا جائے
JKJAAC کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کے لیے محض غیر متعین قانونی طریقہ کار کافی نہیں۔ ممانعت کی مکمل قانونی و ثبوتی بنیاد ظاہر کی جائے، JKJAAC کو شواہد تک رسائی اور مؤثر جواب کا حق دیا جائے، آزاد عدالتی یا غیر جانب دار جائزہ ہو، اور اس کے لیے واضح مختصر مدت مقرر کی جائے۔
جائزے کے دوران پُرامن سیاسی، انسانی حقوق اور مذاکراتی سرگرمیوں کے خلاف تعزیری اقدامات معطل کیے جائیں۔ JKJAAC کا مؤقف ہے کہ ممانعت فوری واپس لی جائے یا کم از کم آزاد، شفاف اور مقررہ مدت کے جائزے تک اس کے تعزیری اثرات معطل کیے جائیں۔
7۔ TDR یا مسلح گروہوں کی بحالی کا ماڈل موجودہ تحریک پر لاگو نہیں ہوتا
JKJAAC ایک پُرامن عوامی حقوق کی تحریک ہے، کوئی مسلح گروہ، جنگجو تنظیم یا مسلح بغاوت نہیں۔ اس لیے “اسلحہ بردار نوجوانوں” کے لیے ایسا ماڈل تجویز کرنا جو مسلح تنازعات یا جنگجو گروہوں پر لاگو ہوتا ہے، تحریک کی نوعیت کو غلط انداز میں پیش کرتا ہے۔
اگر کسی مخصوص فرد کے خلاف اسلحہ رکھنے یا جرم کا قابلِ اعتماد ثبوت ہے تو معاملہ عام فوجداری قانون، عدالتی نگرانی اور منصفانہ عمل کے مطابق نمٹایا جائے۔ پوری تحریک یا نوجوان آبادی کو غیر اعلانیہ مسلح گروہ سمجھنا اجتماعی بدنامی، امتیازی سلوک، غیر قانونی حراست اور آئندہ سکیورٹی کارروائیوں کا جواز بن سکتا ہے۔
8۔ قائم کردہ مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ اصولی اور مشروط تعاون
ایڈوائیزری کونسل سردار مسعود خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے ساتھ سنجیدہ، تعمیری اور نیک نیتی پر مبنی رابطے کے لیے تیار ہے۔ تاہم کمیٹی JKJAAC کو جائز، پُرامن اور برابر مذاکراتی فریق تسلیم کرے؛ تحریک کو مجموعی طور پر ریاست مخالف، پُرتشدد یا مسلح قرار دینے سے گریز کرے؛ کسی آپریشن کے خاتمے کو دھرنا ختم کرنے سے مشروط نہ کرے؛ اور انسانی جان کے تحفظ و فورسز کی واپسی کو فوری ترجیح بنائے۔
کمیٹی JKJAAC کے پانچ بنیادی مطالبات کو مرکزی ایجنڈا تسلیم کرے، حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کو آزادانہ و بااختیار مذاکرات کی اجازت دلائے، گرفتاریوں اور انتقامی اقدامات پر عبوری تحفظ کی سفارش کرے، متاثرہ خاندانوں اور انسانی حقوق کے نمائندگان سے معلومات لے، اور عمل کو قابلِ نفاذ و قابلِ تصدیق معاہدے تک پہنچائے۔
کمیٹی کو محض حکومتی پیغام رسانی یا JKJAAC کو بغیر ضمانت دھرنا ختم کرنے پر آمادہ کرنے کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔
9۔ پانچ بنیادی مطالبات مذاکرات کا مرکزی ایجنڈا ہوں گے
اول: انسانی جانوں کا تحفظ اور کشیدگی میں کمی
کسی بھی سکیورٹی آپریشن کو منسوخ کیا جائے، فورسز تصادم کی پوزیشنوں سے پیچھے ہٹیں، براہِ راست گولہ بارود کے استعمال پر تحریری پابندی ہو، راستے اور بنیادی خدمات بحال ہوں، اور شہریوں، طبی عملے، صحافیوں، وکلا اور انسانی حقوق کے مبصرین کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
دوم: مذاکرات کے لیے سازگار ماحول
پُرامن سیاسی سرگرمی کے باعث گرفتار افراد کو رہا کیا جائے، زیرِ حراست افراد کی تفصیلات فراہم کی جائیں، لاپتا افراد کا مقام بتایا جائے، مذاکراتی نمائندگان کو تحفظ دیا جائے، اور فورتھ شیڈول، سفری پابندیوں، پنشن کی بندش اور ملازمت سے متعلق انتقامی اقدامات روکے جائیں۔
سوم: داد رسی، بحالی، تحقیقات اور مفاہمت
تمام اموات، زخمیوں، جبری گمشدگیوں، من مانی حراستوں اور میتیں روکنے کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں۔ تمام متاثرہ خاندانوں کو بلاامتیاز معاونت، معلومات، مؤثر قانونی داد رسی اور میتوں کی باعزت واپسی کا حق دیا جائے۔
چہارم: سابقہ وعدوں اور معاہدوں پر عمل درآمد
اکتوبر 2025 سمیت تمام سابقہ معاہدوں اور حکومتی وعدوں کو جامع، تحریری اور مقررہ مدت کے عمل درآمدی منصوبے میں یکجا کیا جائے۔ ذمہ دار ادارہ، وسائل، قابلِ پیمائش ہدف، تکمیل کی تاریخ اور عدم تعمیل کا اصلاحی طریقہ واضح ہو۔
پنجم: بااختیار مذاکرات اور مشترکہ نگرانی
دونوں جانب سے فیصلہ کرنے کا حقیقی اختیار رکھنے والے نمائندگان شریک ہوں۔ ضرورت پر آزاد ثالث مقرر ہو۔ حکومت اور JKJAAC کی مساوی نمائندگی پر مشترکہ نگرانی اور تصدیق کا نظام قائم کیا جائے جو پیش رفت، عوامی رپورٹنگ اور اختلافات کے حل کا ذمہ دار ہو۔
10۔ پانچ روز کے اندر اعتماد سازی اور مذاکراتی اقدامات
پہلے 24 گھنٹے
کسی مسلح یا جبری آپریشن کی منسوخی کا تحریری اعلان؛ براہِ راست گولہ بارود پر پابندی؛ طبی و انسانی امداد کی آزادانہ رسائی؛ اور اشتعال انگیز سرکاری بیانات کی معطلی۔
پہلے 48 گھنٹے
فورسز کا تصادم کی پوزیشنوں سے مرحلہ وار پیچھے ہٹنا؛ پونچھ و سدھنوتی کے داخلی راستوں کا کھلنا؛ موبائل نیٹ ورک کی بحالی؛ اور تعلیمی ادارے کھولنے کا قابلِ عمل منصوبہ۔
پہلے 72 گھنٹے
تمام گرفتار، زیرِ حراست اور لاپتا افراد کی مکمل فہرست؛ خاندانوں اور وکلا کو رسائی؛ پُرامن سیاسی سرگرمی کے باعث گرفتار افراد کی رہائی؛ اور روکی گئی میتوں کی فوری واپسی۔
پانچویں روز تک
حکومت اور JKJAAC کی بااختیار ٹیموں کا اعلان؛ پہلی نشست کی تاریخ، مقام اور ایجنڈا؛ قابلِ قبول رابطہ کار؛ پانچ بنیادی مطالبات کی تحریری شمولیت؛ انتقامی کارروائی سے تحفظ؛ اور مشترکہ نگرانی کے عبوری نظام کا اعلان۔
11۔ آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت سے اپیل
ایڈوائیزری کونسل سردار مسعود خان، سردار یعقوب خان، سردار تنویر الیاس خان، سردار حسن ابراہیم، ڈاکٹر خالد محمود، بریگیڈیئر ریٹائرڈ خان محمد اور تمام سیاسی قیادت سے اپیل کرتی ہے کہ وہ کردار کو محض ثالثی یا پیغام رسانی تک محدود نہ رکھیں۔ یہ انسانی جانوں، شہری اختیار، آئینی ذمہ داری اور آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی وقار کا معاملہ ہے۔
سیاسی قیادت واضح کرے کہ پُرامن احتجاج دہشت گردی نہیں؛ غیر ثابت شدہ الزام جرم کا ثبوت نہیں؛ اجتماعی سزا قانون کی عمل داری نہیں؛ مذاکرات ریاست کی شکست نہیں؛ سکیورٹی طاقت سیاسی قیادت کا متبادل نہیں؛ اور حقِ زندگی کسی سیاسی شرط سے مشروط نہیں۔
ایڈوائیزری کونسل تجویز کرتی ہے کہ JKJAAC کے پانچ مطالبات اور انسانی حقوق کے حفاظتی اقدامات کو “آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت کی مشترکہ اپیل برائے تحفظِ زندگی، مذاکرات اور پائیدار امن” کے طور پر اختیار کیا جائے۔
حتمی اعلامیہ
JKJAAC تنازع، تصادم یا کسی ادارے کی تضحیک نہیں چاہتی۔ ہم انسانی جانوں کا تحفظ، آئین و قانون کی حقیقی عمل داری، جواب دہ شہری حکومت، آزاد عدالتیں، منصفانہ تحقیقات اور قابلِ اعتماد مذاکرات چاہتے ہیں۔
امن کا مطلب مظلوم کی خاموشی، محاصرے کے تحت دھرنے کا خاتمہ یا غیر قانونی طاقت کے استعمال پر جواب دہی سے دست برداری نہیں ہو سکتا۔ پائیدار امن کے لیے انصاف، معتبر مذاکرات کے لیے برابری و تحفظ، اور قابلِ اعتماد معاہدے کے لیے تحریری وعدے، مقررہ مدت اور آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔
ایڈوائیزری کونسل مذاکراتی کمیٹی کو تعمیری کردار ادا کرنے کا موقع دینے کے لیے تیار ہے۔ کامیابی کا پیمانہ یہ ہوگا کہ آپریشن غیر مشروط منسوخ ہو، انسانی جان محفوظ ہو، فورسز پیچھے ہٹیں، راستے و مواصلات بحال ہوں، گرفتار و لاپتا افراد کا حساب دیا جائے، منتخب حکومت کو اختیار ملے، JKJAAC کو برابر فریق تسلیم کیا جائے، اور پانچ مطالبات پر تحریری و قابلِ تصدیق مذاکرات شروع ہوں۔
راولاکوٹ کو شکست خوردہ تسلیم یونے کا حکم نہیں، مذاکرات کی ضمانت چاہیے۔
متاثرہ خاندانوں کو مشروط معاوضہ نہیں، سچ، انصاف اور بلاامتیاز داد رسی چاہیے۔
آزاد جموں و کشمیر کو غیر جواب دہ سکیورٹی کنٹرول نہیں، آئینی اور جواب دہ شہری اختیار چاہیے۔
فورسز پیچھے ہٹیں۔ راستے کھولے جائیں۔ گرفتار افراد رہا ہوں۔ لاپتا افراد کا حساب دیا جائے۔ بااختیار مذاکرات فوری شروع ہوں۔
ایک اور جان ضائع ہونے سے پہلے۔
جاری کردہ:
ایڈوائیزری کونسل
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی
© 2026 Jammu Kashmir Joint Awami Action Committee. All rights reserved.
CONTACT US