جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کا سردار یعقوب خان کی جانب سے عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان معائدہ جات پر عملدرآمد کے غیر جانب دارانہ جائزے اور بامعنی مذاکرات کے مطالبے کا خیرمقدم
11/19/20261 min read
راولاکوٹ، آزاد جموں و کشمیر: جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ایڈوائزری کونسل، آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور وزیراعظم حاجی سردار یعقوب خان کے اس بیان کا خیرمقدم کرتی ہے جس میں انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان معائدہ جات پر عمل درآمد کا غیر جانب دارانہ اور شفاف جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کی یہ پیش رفت اس امر کے تعین کے لیے ایک سنجیدہ سیاسی موقع فراہم کرتی ہے کہ کن وعدوں پر عمل ہو چکا ہے، کیا کچھ ابھی باقی ہے، اور زیرِ التوا ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے ایک قابلِ اعتماد راستہ کیسے وضع کیا جا سکتا ہے۔
جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی معاہدے کی ہر شق سے متعلق دستاویزی ثبوت پیش کرنے کے لیے تیار ہے، جن میں مکمل، جزوی طور پر مکمل، متنازع، تاخیر کا شکار یا غیر عمل شدہ وعدے شامل ہیں۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کا مؤقف
اگر کسی وعدے پر عمل ہو چکا ہے تو اس کا ثبوت عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ اگر کوئی ذمہ داری باقی ہے تو متعلقہ ادارہ، تاخیر کی وجہ اور تکمیل کی حقیقت پسندانہ تاریخ واضح کی جائے۔
آل پارٹیز اور شہری کانفرنس کا مطالبہ
جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی حاجی سردار یعقوب خان سے، بحیثیت سینئر سیاستدان اور سابق سربراہِ حکومتِ آزاد جموں و کشمیر، مؤدبانہ درخواست کرتی ہے کہ وہ ایک فوری آل پارٹیز سول سوسائٹی کانفرنس کے انعقاد میں کردار ادا کریں۔ اس کانفرنس میں حکومتِ آزاد جموں و کشمیر، پارلیمانی جماعتیں، جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی، حکومتِ پاکستان کے بااختیار نمائندگان، آئینی و قانونی اور انسانی حقوۡق کے ماہرین، سول سوسائٹی، مقامی حکومت، پیشہ ورانہ ادارے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے قابلِ قبول نمائندگان شامل ہوں۔
کانفرنس کو مورخہ 3–4 اکتوبر 2025ء کوبمقام مظفرآباد ہونے والے معائدہ کے آرٹیکل 4 کے تحت تنازعات کے حل کا طریقۂ کار فعال کرتے ہوئے راولاکوٹ عمل درآمد و مفاہمتی کمیشن قائم کرنا چاہیے۔
مجوزہ عمل درآمدی کمیشن
کمیشن کو درج ذیل اختیارات حاصل ہونے چاہییں:
• معاہدۂ مظفرآباد پر عمل درآمد کی تصدیق؛
• مکمل، جزوی طور پر مکمل، متنازع اور زیرِ التوا وعدوں کی نشاندہی؛
• ہر ذمہ داری کے لیے متعلقہ ادارے کا تعین؛
• حقیقت پسندانہ اور قابلِ پیمائش آخری تاریخوں کا تعین؛
• فوری انسانی اور شہری آزادیوں سے متعلق خدشات کا ازالہ؛
• باہمی اعتماد سازی کے اقدامات کی نگرانی؛
• شق وار عمل درآمدی جدول کی اشاعت؛ اور
• عوام کے لیے ماہانہ پیش رفت رپورٹس کا اجراء۔
اس جائزے کا مقصد پہلے سے تحریری طور پر قبول کیے گئے وعدوں پر دوبارہ مذاکرات کرنا یا انہیں کمزور کرنا نہیں، بلکہ یہ طے کرنا ہے کہ کیا عمل درآمد ہو چکا ہے اور باقی ذمہ داریاں کیسے اور کب پوری ہوں گی۔
ہر جان قیمتی ہے
جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی چاہتی ہے کہ ہر شہری، پولیس اور سکیورٹی اہلکار کی جان قیمتی ہے۔ ہر ہلاکت کی آزادانہ تحقیقات یکساں قانونی اور شہادتی معیار کے مطابق ہونی چاہییں۔ ہر سوگوار خاندان کو سچ، انصاف اور واقعے کی غیر جانب دارانہ وضاحت کا حق حاصل ہے۔
حقیقی عوامی شکایات کو پسِ پشت نہ ڈالا جائے
کوئی غیر ریاستی ایکٹر طویل بحران سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتا ہے، مگر اس امکان کو مقامی اور حقیقی عوامی شکایات مسترد کرنے، پُرامن اختلافِ رائے کو جرم قرار دینے یا دستخط شدہ وعدوں پر عمل درآمد سے گریز کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ بیرونی فائدہ اٹھانے کا سب سے مؤثر جواب شفافیت، انصاف، جواب دہ حکومت اور بامعنی مذاکرات ہیں۔
اصولی مذاکرات کے لیے آمادگی
جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی ایک آزاد، پُرامن اور وسیع البنیاد شہری حقوق کی تحریک ہے جو جمہوری، قانونی اور عدم تشدد پر مبنی جدوجہد کے لیے پُرعزم ہے۔ جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی بااختیار نمائندگان کے ذریعے ایک غیر جانب دار، شواہد پر مبنی اور وقت بند عمل درآمدی عمل میں شرکت کے لیے تیار ہے۔
تاہم عوام سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ دھرنا غیر مشروط طور پر ختم کر دیں اور ایک مرتبہ پھر صرف زبانی یقین دہانیوں پر انحصار کریں۔ دھرنے سے کسی بھی منتقلی کو پُرامن، باوقار، باہمی، تحریری ضمانتوں سے محفوظ، آزادانہ طور پر قابلِ تصدیق اور قابلِ اعتماد عمل درآمدی مدت سے منسلک ہونا چاہیے۔
جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی تمام سیاسی جماعتوں، حکومتِ آزاد جموں و کشمیر، حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ حاجی سردار یعقوب خان کے بیان کو محض ایک اور عوامی اپیل نہ سمجھا جائے، بلکہ اسے فوری اور منظم سیاسی عمل کے آغاز میں تبدیل کیا جائے۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن بیان
ہم جانیں بچانے اور امن بحال کرنے کی ہر مخلصانہ کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی اپنے تمام ثبوت غیر جانب دارانہ عمل کے سامنے پیش کرے گی۔ اگر معاہدے پر عمل ہوا ہے تو ثبوت شائع کیے جائیں۔ اگر وعدے باقی ہیں تو ذمہ دار ادارہ اور تکمیل کی تاریخ واضح کی جائے۔
© 2026 Jammu Kashmir Joint Awami Action Committee. All rights reserved.
CONTACT US