جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا مذاکراتی کوششوں کا خیرمقدم، مولانا فضل الرحمن صاحب کا شکریہ، راولاکوٹ آنے کی دعوت

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے موجودہ نازک صورتحال میں مذاکرات، مصالحت اور پُرامن حل کے لیے کی جانے والی تمام سنجیدہ کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ کمیٹی نے مولانا فضل الرحمن صاحب کی جانب سے ثالثی کا کردار قبول کرنے، پاکستان کی قومی اسمبلی میں چارٹر آف ڈیمانڈ کے حق میں مؤثر آواز اٹھانے اور حکومت سے کشمیری عوام کے جائز مطالبات مذاکرات کے ذریعے فوری حل کرنے کے مطالبے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

6/26/20261 min read

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی موجودہ حساس اور نازک صورتِ حال میں مذاکرات، مصالحت اور پُرامن حل کے لیے کی جانے والی تمام سنجیدہ کوششوں کا خیر مقدم کرتی ہے۔

ہم مولانا فضل الرحمن صاحب کی جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ثالثی کی درخواست قبول کرنے کے بعد ان کی پاکستان کی قومی اسمبلی میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ اور مزاکرات کے ذریعے تمام مسائل کے حل کے لیے حکومت سے جاندار انداز میں کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کرنے کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

جموں کشمیر جوائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے مولانا فضل الرحمن کو بطور ثالث حمایت اور تمام سیاسی، سماجی ، وکلا ، علما اور اوورسیز کشمیریوں کا شکریہ ادا کرتی پے او مولانا کی طرف سے کی جانے والی اب تک کی کوشش اور کاوش کا خیر مقدم کرتی ہے اور مولانا کو راولاکوٹ آنے کی دعوت دیتی۔

عوامی ایکشن کمیٹی واضح کرتی ہے کہ اس کی جدوجہد عوامی حقوق، انصاف، باوقار مکالمے اور طے شدہ مطالبات کے پُرامن حل کے لیے ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ حالات میں تمام فریقین کو سنجیدگی، تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے تاکہ کشمیری عوام کے جائز مطالبات کا فوری، منصفانہ اور پائیدار حل ممکن ہو سکے۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی تمام سیاسی، سماجی، مذہبی، وکلا، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے نمائندوں، صحافتی حلقوں اور اوورسیز کشمیریوں کی ان کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو کشیدگی کے خاتمے، عوامی حقوق کے تحفظ، اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

ہم ہر اُس مصالحتی کردار، رابطہ کاری اور خیر خواہانہ کوشش کا خیر مقدم کرتے ہیں جس کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک باوقار، سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل میں شامل کرنا ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی اس امر پر زور دیتی ہے کہ مسئلے کا حل طاقت، جبر یا تاخیر میں نہیں بلکہ عوامی امنگوں کے مطابق فوری، بامعنی اور قابلِ عمل فیصلوں میں ہے۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی مصالحتی عمل میں شامل معزز قومی، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کی اب تک کی کاوشوں کو سراہتی ہے اور انہیں دعوت دیتی ہے کہ وہ راولاکوٹ تشریف لا کر عوامی نمائندوں، متاثرہ خاندانوں، سول سوسائٹی، وکلا، علما اور عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت سے براہِ راست ملاقات کریں، تاکہ زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے ایک منصفانہ، پُرامن اور قابلِ قبول راستہ نکالا جا سکے۔

عوامی ایکشن کمیٹی ایک بار پھر واضح کرتی ہے کہ اس کا مؤقف پُرامن، آئینی، جمہوری اور عوامی حقوق پر مبنی ہے۔ ہم مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کے حل کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ یہ عمل سنجیدہ، بااختیار، شفاف اور عوامی مطالبات کے عملی نفاذ سے مشروط ہو۔

جاری کردہ:

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی

© 2025 Jammu Kashmir Joint Awami Action Committee. All rights reserved.

CONTACT US