آزاد جموں کشمیر اسمبلی نے مذاکرات کی ضرورت تسلیم کر لی، اب حکومت بااختیار وفد فوری راولاکوٹ بھیجے
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ایڈوائزری کونسل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں سیاسی مکالمے اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کی ضرورت تسلیم کیے جانے کا خیرمقدم کرتی ہے۔
11/25/20261 min read
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا آزاد جموں کشمیر اسمبلی قرارداد پر ردِعمل
اسمبلی نے مذاکرات کی ضرورت تسلیم کر لی، اب حکومت بااختیار وفد فوری راولاکوٹ بھیجے
25 نومبر 2026
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ایڈوائزری کونسل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں سیاسی مکالمے اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کی ضرورت تسلیم کیے جانے کا خیرمقدم کرتی ہے۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ایک ثابت قدم، متحد اور پُرامن شہری حقوق کی تحریک ہے۔ ہم بااختیار، بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
حکومت 48 گھنٹوں کے اندر مکمل اختیار رکھنے والی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے اور پانچ روز کے اندر راولاکوٹ یا آزاد کشمیرمیں کسی بھی باہمی طورپر طے شدہ مقام پر پہلی باضابطہ نشست منعقد کرے۔
تاہم مذاکرات اجتماعی اعترافِ جرم، غیر ثابت شدہ الزامات، دھرنا پیشگی ختم کرنے یا کسی ایک فریق کی غیر مشروط اطاعت سے مشروط نہیں کیے جا سکتے۔
قرارداد میں درج یک طرفہ شرائط کو دوطرفہ، بیک وقت اور قابلِ تصدیق اعتماد سازی کے اقدامات میں تبدیل کیا جائے۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پُرامن نظم، انسانی راہداریوں، رضاکارانہ آمدورفت، غیر مسلح رضاکاروں اور ذمہ دارانہ ابلاغ کو آزاد جموں کشمیر کے تمام شہروں، قصبات اور دیہات میں نقل وعمل میں سہولیات یقینی بنانے کا مطالبہ کرتی ہے اور اپنا تعاون یقینی بنانے کے لیے تیار ہے۔
حکومت پرامن دھرنا میں بیٹھے عوام کے خلاف جابرانہ سیکیورٹی آپریشن منسوخ کرے، فورسز پیچھے ہٹائے، داخلی راستے اور مواصلات بحال کرے، گرفتاریوں و انتقامی اقدامات کو روکے اور مذاکرات کے دوران طاقت استعمال نہ کرنے کی ضمانت دے۔
تمام اموات، زخمیوں، گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں اور مبینہ جرائم کی ذمہ داری کا تعین آزاد تحقیقات اور مجاز عدالت سے کیا جائے، اجتماعی الزام سے نہیں۔
مذاکرات کا مرکزی ایجنڈا جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پانچ بنیادی مطالبات ہوں:
1۔ انسانی جانوں کا تحفظ اور کشیدگی میں کمی؛
2۔ محفوظ اور قابلِ اعتماد مذاکراتی ماحول؛
3۔ متاثرین کے جانی اور مالی نقصان کی داد رسی، بحالی، تحقیقات اور پائیدار یکجہتی کے لیے قومی مفاہمتی کمیشن کا قیام؛
4۔ اکتوبر 2025 سمیت سابقہ معاہدوں اور حکومتی وعدوں پر عمل درآمد؛
5۔ بااختیار مذاکرات، مشترکہ نگرانی اور آزادانہ تصدیق۔
مشترکہ قومی ذمہ داری
ایڈوائزری کونسل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے تمام ارکان، حکومت و حزبِ اختلاف، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، پونچھ کے عمائدین کی سردار مسعود خان کی سربراہی میں قائم چھ رکنی کمیٹی، سیاسی قیادت، سابق جج صاحبان، سول سوسائٹی، وکلا، صحافیوں، ماہرینِ تعلیم اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار ریٹائرڈ سول، فوجی اور پولیس افسران سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ایک قابلِ عمل مذاکراتی فریم ورک اور باعزت وباوقار حل (solution) کی تشکیل میں مشترکہ کردار ادا کریں۔
یہ کسی فریق کی بیانیاتی فتح یا شکست کا مقابلہ نہیں ہونا چاہیے۔ اصل کامیابی یہ ہوگی کہ ایک اور انسانی جان ضائع نہ ہو، شہری زندگی بحال ہو، ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد بحال ہو اور ایک منصفانہ، تحریری اور قابلِ نفاذ معاہدہ سامنے آئے۔
ایڈوائزری کونسل اپنے 24 نومبر 2026 کے اعلامیے میں پیش کردہ اصولی مؤقف کا اعادہ کرتی ہے کہ پُرامن احتجاج اور سکیورٹی آپریشن مساوی اعمال نہیں، پوری شہری حقوق کی تحریک کو اجتماعی طور پر مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا، اور معتبر مذاکرات برابری، تحفظ، نیک نیتی، تحریری ضمانتوں اور آزادانہ تصدیق کے متقاضی ہیں۔
ہمارا حتمی پیغام
ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، مگر پُرامن عوامی حقوق کی تحریک سے دست برداری کے لیے نہیں۔
ہم آزاد تحقیقات کے لیے تیار ہیں، مگر اجتماعی اعترافِ جرم کے لیے نہیں۔
ہم امن کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ امن انصاف، برابری اور قابلِ تصدیق عمل درآمد پر قائم ہو۔
فورسز پیچھے ہٹیں۔ سویلین ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کریں۔ عوام کی آواز سنی جائے۔
ایک اور جان ضائع ہونے سے پہلے بااختیار اور نتیجہ خیز مذاکرات فوری شروع کیے جائیں۔
جاری کردہ: ایڈوائزری کونسل۔ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی
© 2026 Jammu Kashmir Joint Awami Action Committee. All rights reserved.
CONTACT US