جے کے جے اے اے سی کی ہائی کورٹ سے وجوہات، نظرِ ثانی اور قانونی تقاضوں سے پانچ ماہ کی محرومی ختم کرانے کے لیے فوری مداخلت کی درخواست

11/19/20261 min read

مظفرآباد: جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے کے جے اے اے سی) نے آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے، کیونکہ حکومت پانچ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تحریک کو کلعدم قرار دے کر اس پر پابندی کی وجوہات ظاہر کرنے، قانون کے تحت لازمی نظرِ ثانی کمیٹی قائم کرنے، یا پابندی کے خلاف دائر باقاعدہ درخواست کا فیصلہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔

: جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان نے آزاد جموں و کشمیر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 2014 میں فراہم کردہ نظرِ ثانی کے قانونی طریقۂ کار کو اختیار کیا۔ مگر حکومت نے اسی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

حکام کسی پُرامن عوامی تحریک پر آئین اور قانون کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے خود اپنی واضح قانونی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی نہیں کر سکتے۔

قانون خاموشی نہیں، کارروائی کا تقاضا کرتا ہے

ایکٹ کے تحت:

دفعہ 12(2) حکومت کو پابندی کی وجوہات تین دن کے اندر فراہم کرنے کا پابند کرتی ہے؛

دفعہ 13(1) پابندی پر نظرِ ثانی کا حق دیتی ہے اور درخواست کو 90 دن کے اندر سننے اور فیصلہ کرنے کا تقاضا کرتی ہے؛ اور

دفعہ 13(3) نظرِ ثانی درخواستوں کے فیصلے کے لیے ممنوعہ تنظیموں کی نظرِ ثانی کمیٹی کے قیام کا تقاضا کرتی ہے۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ہمدرد عوامی راہنماوں کی نظرِ ثانی درخواست 4 جولائی 2026 کو دائر کی گئی اور 6 جولائی کو رسید/ڈائری نمبر R-2761 کے تحت سرکاری طور پر وصول ہوئی۔ 24 جولائی کو وزیراعظم انتظامیہ کے دفتر نے خط نمبر WAS/Admin/477/2026 کے ذریعے درخواست کی وصولی تسلیم کی اور اسے جانچ اور رپورٹ کے لیے سپیشل سیکرٹری داخلہ کو بھجوا دیا۔

قانونی طور پر مقررہ 90 دن کی مدت بہت پہلے ختم ہو چکی ہے۔ جے کے جے اے اے سی کا مؤقف ہے کہ:

5 جون کی پابندی کی وجوہات اب تک فراہم نہیں کی گئیں؛

جن شواہد پر انحصار کیا گیا وہ ظاہر نہیں کیے گئے؛

قانون کے تحت لازمی نظرِ ثانی کمیٹی قائم نہیں کی گئی؛

کوئی سماعت فراہم نہیں کی گئی؛ اور

وجوہات پر مبنی کوئی فیصلہ جاری نہیں کیا گیا۔

ہائی کورٹ سے مداخلت کی درخواست

محمد شفیق اور دیگر درخواست گزاروں نے اپنے وکیل خواجہ امتیاز احمد ایڈووکیٹ کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں آئینی رٹ پٹیشن نمبر 2694/2026 دائر کی۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حکام کو ہدایت دی جائے کہ وہ:

پابندی کی قانونی اور حقائق پر مبنی وجوہات ظاہر کریں؛

قانون کے تحت لازمی نظرِ ثانی کمیٹی قائم کریں؛

منصفانہ سماعت فراہم کریں؛ اور

زیرِ التوا نظرِ ثانی درخواست کا وجوہات پر مبنی فیصلہ کریں۔

ہائی کورٹ نے 29 اکتوبر کو فریقانِ مخالف سے پیرا وار جواب طلب کیا۔ 10 نومبر کو چیف جسٹس کے مظفرآباد میں موجود نہ ہونے کے باعث سماعت نہ ہو سکی۔ 18 نومبر 2026 کو آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ، مظفرآباد میں سماعت ہوئی۔ عدالتی نتیجے کا انتظار ہے۔

”ہم نے قانون کی پیروی کی۔ ہم نے نظرِ ثانی درخواست دائر کی۔ حکومت نے اس کی وصولی تسلیم کی۔ لیکن پابندی عائد کیے پانچ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود حکام نے نہ وجوہات ظاہر کیں، نہ نظرِ ثانی کمیٹی قائم کی اور نہ ہمیں سماعت فراہم کی۔

کوئی حکومت ایک پُرامن عوامی تحریک کو ’دہشت گرد‘ قرار دے کر، اس کے خلاف مقدمہ چھپا کر، پھر اس فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے قانون میں فراہم کردہ طریقۂ کار ہی میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی۔ یہ قانون کی حکمرانی نہیں، بلکہ قانونی تقاضوں کے بغیر انتظامی سزا ہے۔“

بین الاقوامی نگرانی اور تشویش میں اضافہ

حکومت کی جانب سے وجوہات یا مؤثر نظرِ ثانی فراہم نہ کرنے کا سلسلہ ایسے وقت جاری ہے جب جے کے جے اے اے سی اور اس سے وابستہ افراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی اختیارات کے استعمال پر بین الاقوامی تشویش بڑھ رہی ہے۔

4 ستمبر 2026 کی ایک باضابطہ مراسلت میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چھ خصوصی مینڈیٹس نے تشویش ظاہر کی کہ جے کے جے اے اے سی کی نامزدگی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست بندی سے متعلق بین الاقوامی معیار پر پوری نہ اترتی ہو اور سیاسی، مزدور اور انسانی حقوق کی وکالت کے خلاف انتقامی کارروائی ہو سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے ماہرین نے زور دیا کہ دہشت گرد قرار دینے کا فیصلہ معتبر اور قائل کن شواہد پر مبنی ہونا چاہیے، ضرورت اور تناسب کے معیار پر پورا اترنا چاہیے، اور فوری اطلاع، مناسب معلومات اور مؤثر عدالتی تحفظ فراہم کرنا چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جے کے جے اے اے سی سے منسوب کسی مخصوص عمل یا اس کے خلاف استعمال کیے گئے شواہد کی وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔

اقوام متحدہ کی مراسلت میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ آیا یہ نامزدگی حقیقی دہشت گردی کے بجائے آزادیِ اظہار، پُرامن اجتماع، انجمن سازی اور عوامی معاملات میں شرکت کے حقوق کے استعمال کے خلاف تو استعمال نہیں کی جا رہی۔

13 نومبر 2026 کو ایمنسٹی انٹرنیشنل نے آزاد جموں و کشمیر کی نئی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جے کے جے اے اے سی پر عائد اس پابندی کو ختم کیا جائے جسے اس نے من مانا اور اجتماعی قرار دیا۔ ایمنسٹی کے مطابق حکومت ایسا کوئی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی جس سے ثابت ہو کہ پابندی ضرورت اور تناسب کے سخت معیار پر پوری اترتی ہے یا دستیاب کم ترین پابندی والا اقدام تھی۔

ایمنسٹی نے پُرامن اظہار اور اجتماع کے حقوق استعمال کرنے پر شیڈول چہارم میں شامل افراد کے نام نکالنے، من مانے طور پر حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی، مبینہ غیر قانونی طاقت کے استعمال کی آزادانہ تحقیقات، اور انٹرنیٹ و موبائل سروسز کی مکمل بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔

یہ بین الاقوامی مداخلتیں زیرِ التوا ہائی کورٹ کارروائی کی فوری اہمیت کو مزید واضح کرتی ہیں۔ حکومت سے اب ملکی اور بین الاقوامی دونوں سطحوں پر وہی بنیادی سوالات پوچھے جا رہے ہیں:

کس عمل نے جے کے جے اے اے سی کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا جواز فراہم کیا؟

فیصلے کی بنیاد کون سے معتبر شواہد تھے؟

قانونی طور پر لازم وجوہات کیوں فراہم نہیں کی گئیں؟

قانون کے تحت لازمی نظرِ ثانی کمیٹی کیوں قائم نہیں کی گئی؟

نظرِ ثانی درخواست کی سماعت کیوں نہیں ہوئی؟

کم پابندی والے اقدامات پر غور کیوں نہیں کیا گیا؟

ایک خفیہ اور غیر فیصلہ شدہ نامزدگی کو قانونی تقاضوں اور مؤثر داد رسی کے حق سے کیسے ہم آہنگ کیا جا سکتا ہے؟

”حکومت کو مقدمے کا جواب دینا ہوگا“

”حکام کو اب عدالت میں مقدمے کا جواب دینا ہوگا۔ خاموشی، تاخیر اور غیر ظاہر شدہ الزامات ثبوت کا متبادل نہیں ہو سکتے۔

اگر حکومت سمجھتی ہے کہ اس کا فیصلہ قانونی تھا تو اسے وجوہات ظاہر کرنی چاہییں، شواہد پیش کرنے چاہییں اور ایکٹ کے تحت نظرِ ثانی کے طریقۂ کار کا سامنا کرنا چاہیے۔ اگر وہ ایسا نہیں کر سکتی تو پابندی فوراً واپس لی جانی چاہیے۔

انتظامی بے عملی کو ایک عارضی حکومتی نامزدگی کو اطلاع، سماعت یا آزادانہ نظرِ ثانی کے بغیر غیر معینہ سزا میں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔“

جے کے جے اے اے سی کا مؤقف ہے کہ اس کی سرگرمیاں پُرامن اور جمہوری رہی ہیں اور ان کا محور عوامی حقوق، جواب دہ طرزِ حکمرانی، بجلی کے نرخ، عوامی خدمات، روزگار، زمین کے حقوق اور سیاسی نمائندگی ہے۔

کمیٹی پُرامن اور قانونی ذرائع سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔ جے کے جے اے اے سی آزاد جموں و کشمیر حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ہائی کورٹ کے سامنے مکمل جواب جمع کرائے، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی پابندی کرے اور قانونی تقاضوں سے طویل محرومی کا خاتمہ کرے۔

© 2026 Jammu Kashmir Joint Awami Action Committee. All rights reserved.

CONTACT US