جے کے جے اے اے سی آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کو بھارت کی جانب سے اپنے دعوؤں یا جغرافیائی و سیاسی مؤقف کے حق میں تعبیر کرنے، اپنے ساتھ منسوب کرنے، یا بطور جواز پیش کرنے کی کسی بھی کوشش کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے حالیہ بیان کے جواب میں ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں جاری تحریک ایک مقامی، پُرامن اور آزادانہ شہری حقوق کی تحریک ہے، جس کا مقصد عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور ان کے جائز مطالبات کا حصول ہے۔
6/25/20261 min read
جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے حالیہ بیان کا نوٹس لیتی ہے۔
جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ابتداً، اپنے واضح اور اصولی مؤقف کا اعادہ کرتی ہے کہ
۱۔ آزاد جموں و کشمیر میں جاری تحریک ایک مقامی، پُرامن اور خودمختار شہری حقوق کی جدوجہد ہے۔ یہ مکمل طور پر جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں، شکایات اور جمہوری حقوق میں جڑی ہوئی ہے، اور اس کا تعلق کسی بھی ریاستی بیانیے سے نہ تو ہے اور نہ ہی یہ کسی کے زیر اثر ہے۔
۲۔ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، جس کی حتمی سیاسی حیثیت کا تعین حقِ خودارادیت اور متعلقہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا ہے۔ جموں و کشمیر کے عوام ہی اپنے مستقبل کے تعین کے اصل اور بنیادی فریق ہیں۔
۳۔ بھارت کی کسی بھی اس کوشش کو سختی سے مسترد کرتی ہے جس کے ذریعے وہ آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کو اپنے دعوؤں یا جغرافیائی سیاسی مؤقف کے حق میں پیش کرنے کی کوشش کرے۔ موجودہ شہری حقوق کی تحریک نہ تو کسی کا آلہ کار ہے اور نہ ہی ریاستوں کے درمیان کشمکش کا تسلسل۔ اس نوعیت کی کوئی بھی تشریح غلط اور گمراہ کن ہے۔
اسی کے ساتھ ۴۔ یہ بھی واضح کرتی ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام، تمام خطوں میں، بنیادی حقوق، سیاسی شرکت اور منصفانہ طرزِ حکمرانی کے حوالے سے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان مسائل کو عالمی انسانی حقوق کے اصولوں کی پاسداری اور عوام سے بامعنی مکالمے اور مزاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
۵۔ تمام متعلقہ حکام بشمول بھارت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیار پر عمل کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ خطے میں ہر فرد کے حقوق، وقار اور آزادیوں کا بلا امتیاز احترام کیا جائے۔
جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام جاری احتجاج اور دھرنے اپنی نوعیت میں مکمل طور پر پُرامن ہیں اور عدم تشدد، شہری شمولیت اور جمہوری اظہار کے بنیادی اصولوں پر مبنی ہیں۔ ہمارے بنیادی مطالبات—حقِ حکمرانی یعنی فیصلہ سازی میں عوامی شرکت، اور حقِ ملکیت یعنی مقامی وسائل پر عوام کا حق—انصاف اور جوابدہی پر مبنی جائز عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔
ہم کسی بھی کوشش کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں جو ہماری پُرامن تحریک کو جغرافیائی سیاسی کشمکش سے جوڑنے یا اسے بیرونی اثرات سے وابستہ کرنے کی کوشش کرے۔ ان احتجاجات میں بلند ہونے والی آواز درحقیقت عوام کی اپنی آواز ہے۔
جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اس بات پر زور دیتی ہے کہ موجودہ صورتحال کو کسی مخصوص سیاسی مفاد کے لیے بین الاقوامی سطح پر استعمال یا مسخ نہیں کیا جانا چاہیے، اس طرح کہ جائز شہری حقوق کے مطالبات کو نقصان پہنچے۔ آگے بڑھنے کا راستہ مکالمے، تحمل اور عوام کی مرضی کے احترام میں ہے
جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پُرامن جدوجہد، تعمیری مکالمے، مزاکرات اور جمہوری شمولیت کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ جموں و کشمیر کے عوام اپنی زمین، وسائل اور مستقبل کے حقیقی اور جائز وارث ہیں۔
© 2025 Jammu Kashmir Joint Awami Action Committee. All rights reserved.
CONTACT US